اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم شہبازشریف نے پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر قانونی ٹیم سے ملاقات کی اور پیپلزپارٹی سمیت تمام حکومتی اتحادیوں کو قانونی حکمت عملی میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ اور رئوف حسن کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ریاست مخالف پروپیگنڈے کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو گرفتار کیا اور ابتدائی تفتیش و ڈیجیٹل مواد کی روشنی میں پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا وِنگ پر اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مارا۔وزارت داخلہ کے مطابق چھاپے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رئوف حسن کو گرفتار کیا گیا جن سے ڈیجیٹل میڈیا ونگ اور پروپیگنڈے کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہے، جس کی تحقیقات کیلیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جارہی ہے۔دریں اثناء پی ٹی آئی پر پابندی اور 3 سابق عہدیداران پر آرٹیکل 6 لگانے کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف سے وزیرقانون اعظم اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان نے ملاقات کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں مخصوص نشستوں کی پی ٹی آئی کو الاٹمنٹ اور سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل پر مشاورت کی گئی، قانونی ٹیم نے پی ٹی آئی پر پابندی اور دیگر فیصلوں سے متعلق قانونی نکات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی سمیت تمام حکومتی اتحادیوں کو قانونی حکمت عملی میں شامل کرنے کی ہدایت کی ۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی پر پابندی اور سابق عہدیداران پر آرٹیکل 6 کا معاملہ، وزیراعظم کی قانونی ٹیم سے ملاقات، پیپلزپارٹی سمیت تمام حکومتی اتحادیوں کو قانونی حکمت عملی میں شامل کرنے کی ہدایت



