اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارلیا اور اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 6 نشستیں جیت لیں جبکہ پیپلزپارٹی نے ملیر اور ملتان میں کامیابی حاصل کی ہے۔قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہی۔قومی اسمبلی کی 8 میں سے 7 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا دیگر امیدواروں سے مقابلہ رہا۔
قومی اسمبلی کے 7 حلقوں کے نتائج
اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 6 نشستیں جیت لیں جبکہ پیپلزپارٹی ملتان اور ملیر سے کامیاب ہوئی۔عمران خان نے پشاور کی نشست جیت لی اور اے این پی امیدوار غلام احمد بلور کو شکست دی۔این اے 31 پشاور کے تمام 265 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 253 ووٹ حاصل کرسکے اور یوں غلام بلور کو 25 ہزار 571 ووٹوں سے شکست ہوئی۔سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور کے بعد مردان کا میدان بھی مار لیا۔ این اے 22 مردان 3 کے تمام 330 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 76681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم 68181 ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں 8500 ووٹوں سے شکست ہوئی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کو بھی شکست دی۔عمران خان نے ایمل ولی خان کو 10233 ووٹوں سے ہرایا۔ این اے 24 چارسدہ کے تمام 384 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 78589 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 68356 ووٹ حاصل کرسکے۔فیصل آباد میں عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے عابد شیر علی کو ہرایا اور 24471 ووٹوں کے مارجن سے شکست دی۔ این اے 108 فیصل آباد کے تمام 354 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 99602 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی 75131 ووٹ لے سکے۔عمران خان نے پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 118 ننکانہ صاحب میں بھی بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔این اے 118 ننکانہ صاحب 2 کے تمام 319 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے تحت عمران خان 90180 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 78024 ووٹ حاصل کیے اور انہیں 12156 ووٹوں سے شکست ہوئی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کراچی میں کورنگی کی نشست بھی جیت لی۔ این اے 239 کراچی کورنگی 1 کے تمام 330 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 50014 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے سید نیئر رضا 18116 ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں 31 ہزار 898 ووٹوں سے شکست ہوئی۔
عمران خان کو اپ سیٹ شکست
عمران خان کو 7 حلقوں میں سے ایک ہی نشست پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ این اے 237 ملیر میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ سے ہار گئے۔این اے 237 کراچی ملیر 2 کے تمام 194 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32567 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان نے 22493 ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں 10 ہزار 74 ووٹوں کے مارجن سے شکست ہوئی۔
ملتان میں پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست
اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی ملتان سے خالی کردہ نشست این اے 157 پر بھی ضمنی انتخاب ہوئے۔این اے 157 ملتان 4 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 107327 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ان کے مدمقابل شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی اور پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 82141 ووٹ حاصل کیے۔پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی مہربانو قریشی کو 25 ہزار186 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی۔خیال رہے کہ یہ نشست شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے خالی کی تھی۔
ضمنی انتخابات، قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے نتائج مکمل، تحریک انصاف6 اور پیپلزپارٹی 2 نشستوں پر کامیاب



