اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھتہ اور خودکش حملے شروع ہو گئے ہیں، ملکی سیاست اور اقتدار سے زیادہ ملک کی سلامتی اہم ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ آج ن لیگ کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے، 2 ووٹوں کی حکومت 15 اتحادی پارٹیوں کے ساتھ بے لگام ہو رہی ہے۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ان کا ناکام ایجنڈا عمران خان کو نااہل اور نواز شریف کو اہل کروانا ہے، بےلگام حکومت کی عقل پر پردہ پڑ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی تباہی، سیاسی عدم استحکام، بھتہ اور دہشت گردی کا آغاز ان کی سیاست کو دفن کر دے گا۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کا بھلا سوچ رہا ہے، اس کے اشاروں کو سمجھیں، یوم آزادی کو یوم بربادی نہ بنائیں، افغانستان کا عدم استحکام پاکستان پر بھی اثر انداز ہو گا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرنا یا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو توڑنے کی منصوبہ بندی کرنا خونی سیاست کا آغاز ہو گا۔شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتی خواہشوں سے من پسند خبریں نہیں بن سکتیں، مشرف نے چینل لائسنس دیے، مفاد پرست فاشسٹ چینل بند کر رہے ہیں۔



