اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ وائٹ کالز کرمنلز نے شہر قائد کو برباد کردیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اب اپنے وقت پر ہونے چاہیئیں، کسی کو راہ فرار اختیار کرنے نہیں دیں گے، کراچی کو ڈیڑھ ارب روپے کی خیرات کی ضرورت نہیں اپنا حق لینا جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آدھی گنتی ہونے سے کراچی کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، اگر پرانے طریقوں سے مردم شُماری کی گئی تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے ملکر سندھ حکومت کی جعلی مردم شُماری کو منظور کیا جبکہ دونوں جماعتیں کوٹہ سسٹم نافذ کروانے میں بھی شامل رہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کے الیکٹرک ایف بی آر ٹیکس بجلی کے بلوں سے ہٹائے ورنہ کوئی بل نہیں دیئے جائیں گے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کو فوری حکومتی تحویل میں لیکر فارنزک آڈٹ کریں، ایک خاص طبقے کے خلاف کورٹ میں کیسز نہیں چلتے تو انصاف کہاں سے ملے گا۔
جعلی مردم شماری، کوٹہ سسٹم کو ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے نافذ العمل کروایا، حافظ نعیم



