اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے ایک بار پھر وزارت اعلیٰ کا عہدہ اٹھانے پر برہم ہو گئے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے لکھا کہ ڈیڑھ ماہ میں پنجاب کے وزیراعلیٰ نے 2 مرتبہ حلف اٹھایا اور تیسرے کی تیاری ہے، اس سے بڑا معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام اور کیا ہو گا۔انھوں نےلکھا کہ ایک ہفتے میں ڈالر 20 روپے مزیدبڑھا ہے اور مفتاح اسماعیل نے LPG پر لیوی بھی بڑھا دی ہے۔شیخ رشید نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ن لیگ نے پاکستان کی آخری امید عدلیہ کو نشانے پر رکھ لیاہے، فضل الرحمٰن اور آصف زرداری بپھر گئے ہیں۔واضح رہے کہ دوروز قبل (ن) لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے جب کہ پرویز الہیٰ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔تاہم ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے خط کو پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے (ق) لیگ کے ارکان کو حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی تھی۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اس خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جتنے بھی ووٹ (ق) لیگ کے کاسٹ ہوئے ہیں وہ مسترد ہوتے ہیں اور میں اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔
ن لیگ نے عدلیہ کو نشانے پر رکھ لیا ہے، زرداری اور فضل الرحمان بپھر گئے ہیں: شیخ رشید



