اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی 7 کہوٹہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی تحریکِ انصاف کی درخواست مسترد کر دی۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی وجوہات بتانے میں ناکام رہا ہے۔اس سے کچھ دیر قبل الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔پی پی 7 راولپنڈی کے کیس کی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے حکم پر آج الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔مسلم لیگ ن کے راجہ صغیر، پی ٹی آئی کے شبیر اعوان اور ریٹرننگ آفیسر پی پی 7 الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔پی ٹی آئی کے شبیر اعوان نے دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی، شبیر اعوان کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار 49 ووٹ سے ہارے ہیں، ہماری دوبارہ گنتی کی درخواست پر گنتی نہیں کرائی جا رہی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تو آپ کی جانب سے کوئی درخواست دائر نہیں کی گئی، کل شام 5 بجے تک الیکشن کمیشن کے پاس کوئی درخواست نہیں آئی تھی، آپ نے ہائی کورٹ فیصلے کے بعد درخواست دائر کی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ آپ نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا ہے کہ ہم آپ کی درخواست کو دیکھ نہیں رہے، بتائیں آپ کی درخواست کب آئی ہے؟ای سی پی کے حکام نے کہا کہ ساڑھے 5 بجے شبیر اعوان کے نمائندے درخواست لے کر آئے جو 10 منٹ بعد واپس لے گئے۔شبیر اعوان کے وکیل نے کہا کہ خبر آئی کہ آر ٹی ایس بیٹھ گیا، اس لیے نتائج کا اعلان نہیں ہو رہا تھا، شبیر اعوان کو 312 ووٹوں کی برتری حاصل تھی اور صرف ایک پولنگ اسٹیشن رہ گیا تھا اور اسی وقت آر ٹی ایس نظام بیٹھ گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کسی ضمنی الیکشن میں آر ٹی ایس استعمال نہیں ہوا، آر ٹی ایس انٹرنیٹ کا نظام ہے، جو انٹرینٹ کی خرابی سے متاثر ہو جاتا ہے، پریزائیڈنگ افسر کو ذاتی طور پر نتائج دینے ہوتے ہیں، ابھی رزلٹ مینجمنٹ سسٹم استعمال ہوا، وہ ایسا نظام ہے جو کمپیوٹر میں ہوتا ہے، اس کا انٹرنیٹ سے کوئی تعلق نہیں۔
پی پی 7: PTI کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد



