اکوڑہ خٹک(نیشنل ٹائمز)مودی حکومت جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی اور نفرت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،ان خیالات کا اظہار مولانا انوار الحق مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ نے قدیم جامع مسجد جامعہ حقانیہ میں خطبہ جمعہ میں کیا ،انہوں نے بی جے پی ترجمان کو حضورۖ اقدس کی شان میں نفرت انگیز گفتگو اور گستاخی کی پرزور مذمت کی اور کہاکہ مودی حکومت روز اول سے جان بوجھ کر بھارت میں مسلمانوں کا خلاف اشتعال انگیزی اور نفرت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
مسلمانوں کے خلاف پرتشدد فضا بنانا اوردیگر اہل مذاہب کے دلوں مسلمانوں اور اسلام کے خلاف برانگیختہ کرنا مودی حکومت کی پالیسی میں شامل ہے۔ لیکن مودی کو پتہ ہوناچاہیے کہ مسلمانوں کے خلاف کئے گئے اقدامات میں سب سے زیادہ تکلیف حضور اقدسۖ کی شان میں گستاخی کرنا ہے۔مولانا انوار الحق نے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ او آئی سی کو مودی اور بھارت کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے اور افسوس کی بات ہے کہ بھارت کو مسلمانوں کے خلاف کئے گئے ظلموں کے باوجود ابھی تک اسلاموفوبک پالیسیوں کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے لہٰذا حکومت پاکستان بھی گستاخی پر عرب ممالک کے عوام اور کاروباری طبقے کی جانب سے جاری شدید احتجاج کی پالیسی اپناتے ہوئے بھارتی اشیائے ضروریہ کا بائیکاٹ کرے اور ہندوستان سے سفارتی تعلقات منقطع کرے۔



