اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان اور چین کے مثالی سفارتی تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے پر یادگاری سکے کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کا انعقاد اسٹیٹ بینک آڈیٹوریم میں کیا گیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا۔وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں پاکستان اور چین کے مابین سات دہائیوں پر محیط، کامیاب سفارتی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے دکھائی دیئے ۔انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام نے گذشتہ سات دہائیوں میں ان لازوال، مثالی تعلقات کو “تمام موسموں کی حامل اسٹریٹیجک شراکت داری میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔سی پیک نے اس مثالی دوستی کو نئ بلندیوں سے ہمکنار کیا ۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور چین کے مابین، ستر سالہ کامیاب سفارتی تعلقات کے حوالے سے یادگاری سکے کے اجراء پر گورنر اسٹیٹ بینک اور پاکستان ٹکسال کو مبارکباد دی۔تقریب کے اختتام پر وزیر خارجہ کو گورنر اسٹیٹ بینک نے، اسٹیٹ بنک کی جانب سے اب تک جاری کیے گئے یادگاری سکوں پر مشتمل “سوینیر”پیش کیا۔




