اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)اسلام آباد پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی منتخب گورننگ باڈی کا آخری اجلاس۔پی آر اے ممبران کی فہرست کی حتمی منظوری دے دی گئی۔ فہرست پی آر اے پی آر اے آفس اور پریس لاونج کے بورڈز پر آویزاں اور جاری کردی گئی۔ پی آر اے باڈی کی طرف سے ممبران پی آر اے کا شکریہ ادا کیا گیا۔

پی آر اے کے الیکشن معاملات سینئر صحافی رانا غلام قادر کی سربراہی میں الیکشن کمیٹی کے سپرد بائیس اپریل 2021اسلام آباد (پ ر )پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی منتخب گورننگ باڈی کا دو سالہ مدت مکمل ہونے سے پہلے آج آخری اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا جو 8 گھنٹے جاری رہا ۔

اجلاسں کی صدارت پی آر اے کے صدر بہزاد سلیمی نے کی اجلاس میں نائب صدر سہیل خان سیکرٹری ایم بی سومرو فنانس سیکرٹری انتظار حیدری جوائنٹ سیکرٹری صائمہ ملک سیکرٹری اطلاعات علی شیر اور ممبران گورننگ باڈی حافظ عبدالماجد زاہد یعقوب خواجہ نادر گورمانی جاوید الرحمن نے شرکت کی۔ سیکرٹری پی آر اے ایم بی سومرو نے پی آر اے ارکان کی عبوری فہرست اور اس پر موصول ہونے والے اعتراضات کی تفصیل گورننگ باڈی کے اجلاس میں پیش کی انہوں نے نئی ممبرشپ کے لئے اب تک موصول ہونے والی درخواستیں بھی پیش کیں ۔

گورننگ باڈی نے مختلف صحافتی اداروں کی جانب سے بھیجے گئے ناموں اور صحافیوں کی درخواستوں اور مجموعی صحافتی تجربے اور پارلیمانی رپورٹنگ کے تجربے کے حوالے سے فراہم کردہ ثبوتوں کا جائزہ لیا اور پی آر اے آئین 2021میں رکنیت کے مقرر کردہ معیار پر پرکھتے ہوئے پی آر اے ارکان کی فہرست 2021کونسل ممبرز،ایسوسی ایٹ ممبرز ،لائف ٹائم ممبرز اور اعزازی ممبرز کی لسٹ کی حتمی منظوری دی ۔حتمی فہرست صدر اور سیکرٹری پی آر اے کے دستخطوں کے بعد پی آر اے آفس اور پریس لاونج (پارلیمنٹ ہاوس )میں آویزاں کردی گئی ہے اور ارکان کی معلومات کے لئے جاری کردی گئی ہے۔ اگر کوئی پارلیمانی رپورٹر بروقت درخواست نہ دینے اور طے شدہ معیار پر پورا اترنے کے لیے مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کرسکا ۔

اور اس کی رکنیت رہ گئی ہے تو اس کے بارے فیصلہ آئندہ منتخب ہونے والی گورننگ باڈی کرے گی ۔صدر پی آر اے بہزاد سلیمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی آر اے کی منتخب گورننگ باڈی کی دوسالہ مدت کی تکمیل پر ارکان کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ آج کے روز 22اپریل 2019کو ہماری کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیٹی نے جاری کیا تھا ۔پی آر اے آئین 2021کے مطابق آج ہماری دوسالہ مدت مکمل ہورہی ہے ۔یہ امر باعث اطمینان ہے پی آر اے نے اپنے ارکان اور صحافی برادری کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے لئے قانون سازی کے لئے نتیجہ خیز کوششیں کیں۔ جدید سہولیات سے آراستہ میڈیا سنٹر کے قیام سمیت پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے سہولیات فراہم کیں اور پی آراے ویب سائیٹ بھی تکمیل کے قریب ہے ۔

انہوں نے کہا سب سے بڑھ کر پی آر اے گورننگ باڈی کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ اس نے پی آر اے کے جامع آئین 2021کی متفقہ منظوری دی اور اس کی روشنی میں نہ صرف پہلے سے موجود فہرست پر نظر ثانی کی بلکہ نئے ممبران کی رکنیت کا فیصلہ کیا جو کئی سالوں سے رکنیت کے منتظر تھے ۔صدر پی آر اے بہزاد سلیمی نے گورننگ باڈی کے تمام عہدیداران کو مبارک باد دی کہ انہوں نے بطور ٹیم کام کرکے ایک مثال قائم کی ہے۔ جس پر مجھے فخر ہے ، ہم اپنے ممبران اور صحافی برادری کی خدمت کا سفرجاری رکھیں گے ۔انہوں نے پی آر اے کے تمام ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مثالی ڈسپلن کا مظاہرہ کیا اور تنظیم کے اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے کام کیا۔صدر بہزاد سلیمی نے کہا کہ فاونڈر پینل کے سرپرست حافظ طاہر خلیل سابق صدر پی آر اے صدیق ساجد کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے پی آر اے انتخابات میں ہمیں امیدوار نامزد کیا تھا ۔

سیکرٹری پی آر اے ایم بی سومرو نے کہا کہ وہ تمام پی آر اے ممبران کے شکرگزار ہیں ۔جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا ہم نے بھی ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی حتی الامکان کوشش کی اور کرونا کے دوران بھی ارکان کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے اور پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے ضروری سہولیات فراہم کیں پی آر اے کے تمام الیکشن معاملات جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بارہ بج کر ایک منٹ سے الیکشن کمیٹی کے سپرد ہوں گے ۔جو سینئر صحافی رانا غلام قادر کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ جس میں ناصر نقوی اور حاجی حامد حبیب شامل ہیں پی آر اے گورننگ باڈی نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی محبوب گورمانی ،ڈائریکٹر میڈیا سینیٹ رمضان ساجد اور ڈپٹی ڈائریکٹر میمونہ صاحبہ سمیت دیگر متعلقہ عملے کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے پی آر اے کو ہر ممکن سہولت فراہم کی ۔



