اسلام آباد(نیشنل ٹائمز )پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کل وزیراعظم نے ملک میں ترقی کی جو منظر کشی کی ہے اور جس جنت کا نقشہ کھینچا ہے، ہم سب اس پاکستان میں جانا چاہتے ہیں۔ملک کے حالات کیا ہیں اور حکومت کی ترجیحات نوازشریف کی جائیدادیں ضبط کرنا ہے۔ کل وزیراعظم نے جو خطاب کیا وہ طعنہ زنی اور الزام تراشی تھی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کا کہنا تھا کہ نئے وزیر خزانہ خود کہہ چکے ہیں کہ حکومتی پالیسیوں نے معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ پاکستانی معیشت ایک ڈیڑھ فیصد پر ترقی کرے گی جبکہ بھارتی معیشت 11 فیصد پر ترقی کررہی ہے۔انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ عمران خان کی خوشحالی ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری نہیں آرہی لیکن ان کو پرواہ نہیں ہے۔ عمران خان کو پرواہ ہے کہ شہباز شریف کی ضمانت منسوخ ہوتی ہے یا نہیں۔احسن اقبال نے واضح کیا کہ ناموس رسالت پر ہر مسلمان مر مٹنے کو تیار ہے۔ اس حکومت نے پہلے معاہدہ کیا کہ فرانس کے سفیر کو نکالیں گے اور اب آنکھیں کھلیں تو کہتے ہیں کہ ایسا کرنے سے نقصان ہوگا۔جب حکومتی وزیریہ معاہدہ کر رہے تھے توحکومت کہاں تھی۔ امید ہے کہ تمام فریقین گفت و شنید سے مسئلے کا حل نکالیں گے۔موجودہ ملکی حالات پر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو آج جس بحران کا سامنا ہے اس کی ذمہ دار بھی حکومت ہے اور اپوزیشن پر الزام تراشی نہیں کرنی چاہئے۔ سال 2017 کے دھرنے میں جو کردار پاکستان تحریک انصاف نے ادا کیا تھا، مسلم لیگ نون نے موجودہ حالات میں وہ کردار ادا نہیں کیا۔ ا±س وقت عمران خان نے پیٹرول بغل میں اٹھایا ہوا ہوتا تھا اور جہاں دیکھتے تھے کہ کوئی چنگاری ہو اس پر چھڑک دیتے تھے۔
وزیر اعظم کا خطاب طعنہ زنی اور الزام تراشی تھی، احسن اقبال



