دوبئی(نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کا تین روزہ دورہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے بعد ایران روانہ ہو گئے ۔ہوائی اڈے پر اماراتی وزارتِ خارجہ کے سنیر حکام، یو اے ای میں پاکستان کے سفیر افضال محمود اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کہا۔ایران روانگی سے قبل، دورہ ء ایران کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے وزیر خارجہ کا اہم ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا ۔ جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں ایران کے وزیر خارجہ جناب جواد ظریف صاحب کا بے حد مشکور ہوں کہ وہ متعدد بار پاکستان تشریف لائے ۔ہماری انتہائی اہم نشستیں ہوئیں۔ آج میں ایران روانہ ہو رہا ہوں وہاں مجھے ایران قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا ۔ آپ کے علم میں ہے کہ افغان امن عمل میں بہت سی نئی ڈویلپمنٹس ہوئی ہیں۔افغانستان کا پڑوسی ہونے کے ناطے، افغان امن عمل ہماری طرح ایران کیلئے بھی اہم ہے۔مجھے اس حوالے سے ان کے خیالات جاننے کا موقع بھی ملے گا۔ اس حوالے سےہمارا مقصد مشاورت کے بعدحکمت عملی میں یکسوئی پیدا کرنا ہے۔ میں ایران کی سپریم لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے مسئلہ ء کشمیر کے حوالے سے انتہائی واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا اور پاکستان کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی ۔ ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی بات ہوگی۔ باڈر مارکیٹوں کے قیام کی جو تجویز پاکستان نے پیش کی تھی ایران نے اسے پسند کیا ہے ۔اس حوالے سے بھی تبادلہ ء خیال ہو گا ۔ایران صرف پاکستان کا ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ایک آزمایا ہوا دوست ہے ۔ ہم نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی معاونت کی ہے ۔ ہماری کوشش ہو گی کہ ہم اپنے دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم بنائیں ۔
وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کا تین روزہ دورہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے بعد ایران روانہ



