اسلام آباد(نیوز ڈیسک):: وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کیمرج امتحانات اب 15 مئی کے بعد ہونگے، کیمرج اگزامینیشن نے امتحانات کو ری شیڈول کرنے کیلئے حکومت کیساتھ اتفاق کر لیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شفقت محمود نے لکھا کہ تفصیلی گفتگو کے بعد کیمرج نے اس کی رضامندی ظاہر کر دی ہے کہ پاکستان میں او لیول کے امتحانات 15 مئی کے بعد کروائے جا سکتے ہیں۔وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس حوالے سے تفصیلی معلومات کو بعد میں شیئر کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم ‘اے’ اور ‘اے ایس’ لیول کے امتحانات تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے طے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق ہی منعقد کئے جائیں گے۔ میں تمام طلبہ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان کر دیا تھا۔
کیمرج اولیول کے امتحانات ری شیڈول کرنے پر متفق



