نیویارک(نیوز ڈیسک) عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تیار کی جانے والی ویکسین انجکشن کے ذریعے انسانی جسم میں داخل کی جاتی ہے جس کی وجہ سے ان افراد کو سخت پریشانی کا سامنا ہے جو انجکشن کی سوئی سے گھبراتے ہیں لیکن اب ان کی پریشانی دور ہو جائے گی کیونکہ ایک ایسی ویکسین کی تیاری پر کام شروع کردیا گیا ہے جو گولی یا کیپسول کی شکل میں بآسانی نگلی جا سکے گی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا ویکسین کی گولی و کیپسول کی شکل میں تیاری اور اویکس نامی کمپنی کر رہی ہے۔اوراویکس نامی کمپنی دراصل دو کمپنیوں کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے جس میں ایک کمپنی امریکی و اسرائیلی ہے جب کہ دوسری بھارتی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق اوراویکس نامی کمپنی کی جانب سے ویکسین کے انسانوں پر پہلے مرحلے کے ٹرائل کا آغاز رواں سال جون میں متوقع ہے۔منہ کے ذریعے جسم کے اندرداخل کی جانے والی ویکسین کو سیکنڈ جنریشن ویکسینز کا حصہ قرار دیا جارہا ہے جو زیادہ بڑے پیمانے پر تیار ہوسکے گی جب کہ اس کی تقسیم اور استعمال بھی نہایت آسان ہوگا کیونکہ اب تک جو ویکسین تیار کی گئی ہیں ان کا سب سے بڑا مسئلہ ٹرانسپورٹیشن کا بھی ہے جب کہ انہیں ایک خاص درجہ حرارت پر بھی رکھنا ہوتا ہے۔اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ اگر انسانی ٹرائل میں یہ ویکسین کامیاب ہو گئی تو بھی اس کی منظوری کے لیے کم از کم ایک سال کا عرصہ درکار ہو گا۔
کورونا ویکسین کی گولی و کیپسول کی شکل میں تیاری



