لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مارچ 2021ء ) پاکستان سپر لیگ کی سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ریپڈ کرونا ٹیسٹنگ کی جارہی ہے اور میچ ایک گھنٹا تاخیر کا شکار ہوگیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے جس کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے وہ غیر ملکی کھلاڑی ہے۔
ذرائع کے مطابق طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد ٹیمیں ہوٹل سے سٹیڈیم پہنچیں گی، تمام کھلاڑیوں کی دوبارہ کورونا ٹیسٹںگ کا عمل جاری ہے۔ پی سی بی کی جانب سے کورونا ٹیسٹ مثبت آنیوالے کھلاڑی کا نام نہیں بتایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے مبینہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)6 کے لئے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی ہے۔
دریں اثناء ایک اور فرنچائز سے تعلق رکھنے والا ایک کھلاڑی جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا کو 10 روزہ قرنطینہ کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور 2 ٹیسٹ منفی آنے تک انہیں بھی بائیو سیکیور ببل میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم سکواڈ کے باقی ممبران کو ایونٹ کھیلنے کے لئے کلیئر کردیا گیا ہے کیونکہ وہ کھلاڑی ٹیم کے دیگر ممبروں سے رابطے میں نہیں آیا تھا۔ پی سی بی نے مذکورہ واقعے کے بعد ٹورنامنٹ سے قبل فوٹو شوٹ بھی ملتوی کردیا ہے جس میں 6 ٹیموں کے کپتان شامل ہیں۔



