کراچی(نیشنل ٹائمز)سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے قوم کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کی تجدید کی ہے کہ وطن کی آزادی، قوم کے وقار اور بااختیار پارلیمنٹ کے اصولوں پر ثابت قدم رہ کر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کرینگے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک آج ایک پھر سخت مشکلات کا شکار ہے اور عوام کو مہنگائی بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں قومی اتحاد اور اتفاق کی سخت ضرورت ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے ، تہمت بازی ،نفرتوں اورعدم برداشت کا رویہ ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ہمیں بانی پاکستان کے فلسفے اور افکار پر عمل کرتے ہوئے جمہوری اصولوں پر عمل کرنا ہوگا اور اس سوچ کو پختہ کرنا ہوگا کہ پاکستان سب کا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے قوم کو 1973 کا آئین دے کر ملک کے ہر شہری کو مساوی حقوق دیئے تھے، جس میں اظہار رائے کی آزادی بھی شامل ہے ، 18 ویں آئینی ترمیم پارلیمان میں موجود وفاق کی تمام اکائیوں سے تعلق رکھنے والے عوام کے منتخب نمائندوں اور وفاق کے درمیان میثاق ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اچھے اور برے شدت پسندوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا کیونکہ شدت پسندوں کا وجود ملک اور معاشرے کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنی عظیم قائدمحترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر ثابت قدم ہے اور اس بات پرپرعزم ہے پارلیمنٹ کی طے شدہ خارجہ پالیسی ہوگی ، نوجوانوں کوترقی کرنے کے مواقع اور وسائل فراہم کئے جائیں گے ، معاشی طور کمزور شہریوں کو ریاست کے ثمرات میں حصہ دار بنایا جائے گا، ملک کا وہ ہی وقار بحال کیا جائے گا جس کی بنیاد قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے رکھی تھی اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے خواب کی تعبیر کرکے پاکستان کو عوامی ،جمہوری اور فلاحی ملک بنائیں گے۔
آصف علی زرداری کی قوم کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد



