اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) رمضان المبارک کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز پر تاریخ کے سب سے بڑے 7 ارب 60 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے دی گئی۔ یکم اپریل سے شروع ہونے والے رمضان ریلیف پیکیج میں 19 اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی۔ریلیف پیکیج کے تحت آٹے پر 2 ارب 10 کروڑ روپے، چینی پر 2 ارب روپے، گھی پر 1 ارب 30 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ 30 روپے 50 پیسے فی کلو سبسڈی کے بعد آٹے کا 20 کلو کا بیک ریلیف پیکیج کے دوران 800 روپے میں فراہم کیا جائے گا۔ رمضان کے دوران چینی 68 روپے فی کلو فروخت کا فیصلہ کیا گیا ہے، چینی کی موجودہ قیمت پر فروخت کیلئے 40 روپے فی کلو سبسڈی کی منظوری دی گئی۔دستاویزات کے مطابق اسی طرح گھی 170 روپے فی کلو فروخت کیلئے 200 ٹن کا ذخیرہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گھی پر 43 روپے فی کلو سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ خوردنی تیل پر 20 روپے فی کلو سبسڈی دینے کیلئے 28 کروڑ روپے مختص کئے گئے۔ریلیف پیکیج کے تحت دال چنا پر 15 روپے، دال مسور پر 25 روپے، دال ماش پر 10 روپے اور سفید چنے پر 25 روپے فی کلو کمی کمی کی جائے گی۔ بیسن اور کھجور پر 20 روپے، چاول پر 10 روپے فی کلو کمی کی جائے گی جبکہ شربت اور سکوائش پر 20 سے 25 روپے فی بوتل، چائے کی پتی پر 50 روپے فی کلو کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رمضان ریلیف پیکج کے تحت دودھ پر 20 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر 7 ارب 60 کروڑ روپے کے تاریخی رمضان پیکج کی منظوری



