راولپنڈی(آئی این پی)پاک فو ج نے پاکستان میں محفوظ پناہ پانے والے مزید پانچ افغان فوجیوں کو ضروری طریقہ کار کے بعد ہتھیاروں اور آلات سمیت افغان حکام کے حوالے کر دیا ۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پانچ مزید افغان سپاہیوں کو افغانستان حکومت کے حوالے کر دیا گیا ۔سپاہیوں کو باجوڑ نواپاس کے ذریعے افغان حکومت کے حوالے کر دیا گیا۔ پانچ سپاہیوں کو بدھ کی شام 5 بجکر 45 منٹ پر افغان حکومت کے حوالے کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضروری ضابطہ کی کارروائی کے بعد افغان فوجیوں کوپاکستان میں داخل ہونیکی اجازت دے دی گئی تھی۔ تمام فوجیوں کو ہتھیاروں اور آلات سمیت افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز بھی پاکستان نے پانچ افسران سمیت چھیالیس افغان فوجیوں کو افغان حکام کے حوالے کیا تھا۔افغان نیشنل آرمی کے لوکل کمانڈر کا چترال کے اروندو سیکٹر میں پاک آرمی سے رابطہ ہوا تھا۔ افغان نیشنل آرمی نے 46 سپاہیوں کے لئے محفوظ راستے کی درخواست کی تھی جن میں پانچ افسران بھی شامل تھے۔ان 46 افغان سپاہیوں اور پانچ افسران کو ضروری فوجی پروسیجر کے بعد پاکستان میں پناہ اور محفوظ راستہ دیدیا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سپاہیوں کو خوراک، اور ضروری طبی امداد بھی فراہم کی گئی۔ افغان نیشنل آرمی اور بارڈر فورس کی درخواست پر ان فوجیوں کو داخلہ کا محفوظ راستہ دیا گیا تھا۔یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے بارڈر پر پاک فوج سے پناہ طلب کی تھی۔ ان اہلکاروں کو بھی محفوظ پناہ فراہم کرنے کے بعد طریقہ کار کے تحت افغان حکام کے حوالے کردیا گیا تھا۔
پانچ افغان سپاہی افغانستان حکومت کے حوالے کردیئے گئے ، آئی ایس پی آر



