اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)پاکستان اور ازبکستان نے دواسازی، ٹیکسٹائل، چمڑے کی صنعت، تعمیراتی سازوسامان اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور باہمی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق پاک۔ازبک تجارت و سرمایہ کاری بین الحکومتی کمیشن کا چھٹا اجلاس آج (بدھ کو ) تاشقند میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داو ¿د نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، سرمایہ کاری بورڈ کی وفاقی سیکرٹری فارینہ مظہر اور حکومتِ پاکستان کے دیگر اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں شامل رہے۔فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، سرکاری و نجی شعبے کے درمیان باہمی شراکت داری، دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرس کے ساتھ برآمدی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے متعلقہ اداروں کے کردار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ سرکاری اور نجی شعبے کے وفود کے تبادلوں اور ورچوئل و بالمشافحہ ملاقاتوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا جس کا بنیادی مقصد ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران معاشی و اقتصادی ترقی میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ دوطرفہ تجارت ، معاشی و سرمایہ کاری اور سائنس کے شعبے میں تکنیکی تعاون کے حوالے سے نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شرکاءنے بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کا سالانہ بنیادوں پر انعقاد یقینی بنانے اور آئندہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ اس حوالے سے اجلاس کے شیڈول کا فیصلہ سفارتی روابط کے ذریعے طے کیا جائے گا۔
پاک۔ازبک بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس ، دونوں ممالک کا ٹیکسٹائل، صنعت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق



