اپر کوہستان(نیشنل ٹائمز ) برسین لیبر کیمپ سے داسو جانے والی گاڑی میں کیمپ کے قریب دھماکے سے ایف سی اہلکاروں اور غیر ملکیوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے ،زخمیوں اور لاشوں کو آر ایچ سی داسو منتقل کر دیا گیا ،کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک۔ بدھ کو خیبر پختون خوا کے ہزارہ ڈویژن کے ضلع اپر کوہستان میں برسین لیبر کیمپ سے داسو جانے والی گاڑی میں کیمپ کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان محمد عارف نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد میں 2 ایف سی کے اہلکار اور 4 غیر ملکی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ گاڑی میں داسو ڈیم پر کام کرنے والے عملے کے افراد شامل تھے، تمام زخمیوں اور لاشوں کو آر ایچ سی داسو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان محمد عارف نے کہا کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جن کے صحیح علاج کے لیے اور ان کی منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس طلب کر لی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جائے وقوعہ کو دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے سیل کردیا گیا ہے دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی دھماکے کے مقام پر موجود ہے،پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
اپر کوہستان، داسو ڈیم کی ٹیم پر بم حملہ، غیر ملکیوں سمیت 10 افراد جاں بحق،39 زخمی



