راولپنڈی (نیشنل ٹائمز)سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم ملک حاکمین خان کے صاحبزادے اور سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان شہید کے وحشیانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ شہید ملک شاہان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دلائیں۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہیں ملک شاہان شہید کے وحشیانہ قتل کا سن کر سخت صدمہ ہوا ہے۔ پارٹی قیادت اور کارکن ملک شاہان کے خاندان کے ساتھ سوگوار ہیں۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک شاہان شہید اپنے والد ملک حاکمین خان کی طرح پارٹی کا اثاثہ تھے۔ انہوںنے کہا کہ ملک شاہان شہید کے قاتلوں کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملک شاہان شہید کے بلند درجات کی دعا کی ہے۔
بلاول زرداری نے ملک شاہان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کر دیا



