اسلام آباد (نیشنل ٹائمز ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے 3سال میں مشکل حالات کا سامنا کیا، مہنگائی ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، تاہم اس پر بہت جلد قابو پا لیں گے، کمزور طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،مشکل دور گزر گیا، آگے بہتری اور اصلاحات نظر آئیں گی، انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب میں کیا، عشائیے میں ایم کیو ایم ، مسلم لیگ (ق)، جی ڈی اے سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی ، اس موقع پر وزیر اعظم نے شرکاء سے مختصر خطاب میں کہا کہ مشکل حالات میں ملک چلا رہے ہیں ، حکومت نے 3سال میں مشکل حالات کا سامنا کیا، پاکستان کھانے پینے کی اشیا بھی درآمد کر رہا ہے، گندم اور دالیں بھی امپورٹ کرنا پڑ رہی ہیں، ہم اب زرعی شعبے کی ترقی کیلئے پیکج لا رہے ہیں، کسانوں کو منڈیوں اور صارفین سے جوڑنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، امید ہے کہ ملکی معاشی حالات اتحادیوں کی سپورٹ سے بہتر بنا لیں گے ، اتحادیوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج بھی ان کی شرکت باعث تحسین ہے ۔ وزیر اعظم نے عشائیے میں شرکت کرنے پر اراکین اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے کورونا وباء کے باوجود عوام دوست ، غریب دوست اور زبردست بجٹ دیا ہے ۔ اور امید ہے کہ وفاقی بجٹ بآسانی پاس ہو جائے گا۔عشائیے میں تحریک انصاف کے غیر حاضر ارکان اسمبلی پر وزیر اعظم نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور قومی اسمبلی میں چیف وہیپ عامر ڈوگر کو منگل کو ایوان میں تمام اراکین کی حاضری یقینی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا۔
وزیر اعظم کی جانب سے حکومتی اور اتحادی اراکین کے اعزاز میں عشائیہ



