ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جنوری2021ء) سعودی عرب میں گزشتہ دنوں ہونے والی ڈاکار ریلی میں اسرائیلی ڈرائیورز کے بھی شریک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ حالانکہ سعودی عرب میں اسرائیلی پاسپورٹ پر کسی بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کار ریس میں مجموعی طور پر 9 اسرائیلی ڈرائیورز شریک ہوئے۔ امریکی اخبار بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ اسرائیلی ڈرائیورز اپنے قومی پاسپورٹ پر ہی سعودیہ آئے تھے۔
حالانکہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔ اسرائیلی شہریوں کے سعودی عرب آنے پر پابندی عائد ہے۔ بلومبرگ کے مطابق اسرائیلی ریڈیو نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودیہ میں ہونے والی ڈاکار ریلی 15 جنوری 2021ء کو ختم ہو چکی ہے۔
اس ریلی میں 2 اسرائیلی ٹیموں نے بھی شرکت کی۔ ایک اسرائیلی ٹرک ٹیم نے امریکی جھنڈے تلے ریس میں حصہ لیا جبکہ دوسری کار ٹیم نے بلجیئم کے جھنڈے تلے ریس میں شرکت کی۔
ایک اسرائیلی ٹیم ریس میں 29 ویں پوزیشن حاصل کر پائی جبکہ دوسری ٹیم کی 17 ویں پوزیشن آئی ہے۔ اسرائیلی ریڈیو کا کہنا ہے کہ سعودی حکام کو ان اسرائیلیوں کے بارے میں مکمل معلومات تھیں۔ ان کی مرضی کے بغیر یہ اسرائیلی ریس میں حصہ نہیں لے سکتے تھے۔ اسرائیلی ٹیموں کے 9 ارکان ریس ختم ہونے کے بعد 16 جنوری کو واپس اسرائیل پہنچ گئے۔ایک اسرائیلی ڈرائیور نے سعودی ڈرائیورز کے ساتھ لی گئی اپنی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودیہ میں ڈاکار ریلی کے ساتویں راوٴنڈ کے دورانایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار پیئر شیربن شدید زخمی ہو گیا تھا۔ 52 سالہ پئیر کوحادثے کے بعد جدہ سے فرانس منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں فضائی ایمبولینس میں ہلاک ہوگیا۔یہ فرانسیسی ڈرائیور دس جنوری کو حائل اور سکاکا کے درمیان دسویں راوٴنڈ کے دوران حادثے سے دوچار ہو کر کوما میں چلا گیا تھا۔



