لاہور ( نیشنل ٹائمز) پولیس نے مدرسے میں طالبعلم سے زیادتی کرنے والے مفتی عزیز الرحمان کو گرفتار کرلیا ، مفتی عزیز الرحمان کو میانوالی سے بیٹے سمیت گرفتار کیا گیا۔پولیس نے طالبعلم صابر شاہ کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے مفتی عزیز الرحمان کو زیادتی کے الزام جبکہ ان کے بیٹے کو مبینہ طور پر مدعی کو دھمکیاں دینے پر گرفتار کیا ۔لاہور کے علاقے صدر میں واقع مدرسے کے معمر استاد مفتی عزیز الرحمان کی اپنے شاگرد کے ساتھ بدفعلی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں انتظامیہ نے مدرسے سے نکال دیا تھا۔ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد صدر پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ جے یو آئی لاہور کے سیکرٹری جنرل نے مفتی عزیز الرحمان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بتایا کہ ان کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے پارٹی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔بدفعلی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وفاق المدارس العربیہ نے ان کے خلاف ایکشن لے لیا ، وفاق المدارس کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں مفتی عزیزالرحمان پر لگنے والا الزام حقیقت پر مبنی ہے اس لیے انہیں فوری طور پر وفاق المدارس کی مسئولیت سے برطرف کیا جاتا ہے۔وفاق کی جانب سے مفتی عزیزالرحمان کے خلاف ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں انہیں اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
مدرسہ کی طالب علم سے نازیبا حرکت کرنے والے مفتی عزیزالرحمن کو پولیس نے گرفتار کرلیا



