اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انتونیو گوئٹریس کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے طور پر دوسری پانچ سالہ مدت کے لئے دوبارہ تقرری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یہ تقرر پوری عالمی برادری کا ان کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوسری مدت کے لئے انتونیو گوئٹریس کو اقوام متحدہ کا سیکرٹری جنرل مقرر ہونے پر انہیں بہت بہت مبارک ہو، دوبارہ انتخاب ان پر عالمی برادری کے اعتماد کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گوئٹریس کی کثیرالجہتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یکم جنوری 2022 کو شروع ہونے والی دوسری مدت کے لئے انتونیو گوئٹرس کو عالمی ادارہ کا سربراہ مقرر کر لیا۔ 193 ممبران اسمبلی نے متفقہ طور پر ان کے نام کی سفارش کرنے کے بعد طاقتور سلامتی کونسل کی جانب سے یہ کاروائی عمل میں لائی ہے۔ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس کے صدر ولکان بوزکیر نے دوبارہ تقرری کا اعلان کیا اور 72 سالہ گوئٹرس سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ہال میں ان کے عہدے کا حلف بھی لیا۔
پاکستان کثیرالجہتی کے لئے گوئٹریس کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی



