گلگت(نیشنل ٹائمز)زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے وفاقی بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کورونا وبا کے ان حالات میں اس سے بہتر بجٹ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہاہے کہ اس بجٹ کے بعد ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی میں کمی آ ئے گی، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گلگت بلتستان کے صدر حسین علی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کردہ بجٹ سے عوام کی مشکلات میں یقینا کمی آنے کے زیادہ امکانات ہیں کیونکہ اس بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔گلگت بلتستان چیمبر آف سمال انڈسٹری گلگت بلتستان کے صدر شاہ فیصل کا کہنا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کی طرف سے آج پیش کیا جانے والا بجٹ عوام دوست لگتا ہے کیونکہ اس میں چھوٹے تاجر اور صنعتکاروں پر کوئی نیا بوجھ نہیں ڈالا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کافی عرصے کے بعد لگتا ہے کہ کسی وفاقی حکومت نے کوئی عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے سینئر رہنما صابر حسین نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں وفاقی وزیر خزانہ اور اس کی ٹیم نے پاکستان کی تاریخ کا سب بڑا اور تاریخی بجٹ پیش کیا ہے جس پر میں پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے تمام کارکنوں کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔صابر حسین کا کہنا ہے کہ خان صاحب نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا وہ آج پورا کر دیا۔انہوں نے کہا ہے کہ اس بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کے لیے اقدامات کئے گئے تاکہ انکی کی معاشی حالت بہتر ہو اور انکی قوت خرید میں اضافہ ہو۔
عوام نے وفاقی بجٹ کو متوازن قرار دیدیا



