اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وفاقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے،کسی سے ڈیکٹیشن لی اور نہ لیں گے، امریکی ایوان نمائندگان میں پی ٹی آئی کی ایما پر پاکستان کے سیاسی اور انتخابی عمل کے حوالے سے قرار داد منظور کی گئی جس سے ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی آج بھی حکومت اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں براہ راست ملوث ہے۔ان خیالات کا اظہار حکومتی قانونی امور کے ترجمان بیرسٹر عقیل ملک نے بدھ کو ایک انٹرویو میں کیا ۔ امریکی ایوان نمائندگان کی پاکستان میں انتخابات سے متعلق قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں پی ٹی آئی کی جانب سے امریکہ میں پی آر لابنگ فرم کی خدمات حاصل کی گئیں اور امریکی ایوان نمائندگان سے پاکستان مخالف قرارداد منظور کرائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح اس معاملے میں بھی حکومت اور ریاست مخالف کھڑی ہے۔ دریں اثناء بیرسٹر عقیل ملک نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ امریکی کانگریس ہمارے سیاسی استحکام میں پیش رفت کے باوجود پاکستان کے انتخابات پر سوال اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملکی معاملات میں بیرونی مداخلت بلا جواز ہے۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط قانون کی حکمرانی فیصلوں کے احترام کے ساتھ ایسے معاملات کو جمہوری طریقے سے ہینڈل کرنے کو یقینی بناتی ہے۔
پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک، کسی سے ڈیکٹیشن لی اور نہ لیں گے، وفاقی حکومت



