اسلام آباد (نیشنل ٹائمز )وفاقی حکومت نے عزم استحکام آپریشن پر بحث کے لئے یوان میں قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس بلا نے کا اعلان کردیا ۔یہ اعلان وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وز یر قانون کا کہنا تھاکہ عزم استحکام آپریشن سے متعلق وزیردفاع بات کرنا چاہتے تھے لیکن اپوزیشن نے بات نہیں کرنے دی۔انہوں نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن کیسے کیا جائے گا؟ اس پر بحث کریں گے اور ہم یہاں (ایوان) میں قومی سلامتی کمیٹی کو بلائیں گے، وزیراعظم بھی اجلاس میں بیٹھیں گے۔اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، کچھ ایشوز بے ضرر ہوتے ہیں، اس سے آپ کی اور ہماری سیاست کو نقصان نہیں، عزم استحکام پر وزیر دفاع بات کررہے تھے، لیکن آپ نے ایک لفظ نہیں سنا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مشاورت نہ کرنے کا الزام لگاتی ہے لیکن ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آپ کے وزیراعلی نے کوئی بات نہیں کی، وزیردفاع کی تقریر کا ایک لفظ اپوزیشن نے نہیں سنا، کیسے مشاورت کریں؟ ۔ان کا کہناتھاکہ آپ کے وزیراعظم کی طرح ناراض ہوکر ہمارا وزیراعظم باہر نہیں بیٹھے گا، بلکہ پوری کابینہ کے ساتھ یہاں موجود ہوگا۔
وفاقی حکومت کا عزم استحکام آپریشن پر ایوان میں سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس بلا نے کا اعلان



