راولپنڈی (نیشنل ٹائمز) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے 5 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ضلع کرم کے عام علاقے صدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم دھماکا ہوا جس میں 5 فوجی جوان شہید ہوگئے ۔ شہید ہونے والے وطن کے بہادر سپوتوں میں اوکاڑہ کے 33 سالہ حوالدار عقیل احمد، پونچھ کے 30 سالہ لانس نائیک محمد طفیر، اٹک کے 24 سالہ سپاہی انوش رفون، ہری پور کے 26 سالہ سپاہی محمد اعظم خان اور اسلام آباد کے 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا نے وطن کی خاطر لازوال قربانی دیتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔ پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس اپریشن جاری ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حملے جیسے گھنائونے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
کرم، سکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 5 جوان شہید



