اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخابات کا سلسلہ جاری رہا اور ایوان بالا کی متعدد کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب کر لئے گئے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین کے انتخاب کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔سینیٹر عون عباس نے سینیٹر علی ظفر کا نام چیئرمین کمیٹی کے لئے تجویز کیا جبکہ سینیٹر جان محمد نے تائید کی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ اس شعبے کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گے اور ایسی سفارشات مرتب کی جائیں گی جس سے مزید بہتری لائی جا سکے۔ سینیٹرمحمد طلال بدر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین منتخب ہو گئے ان کانام سینیٹر اشرف علی جتوئی نے تجویز کیا جبکہ سینیٹرز خلیل طاہر اوربلال احمد خان نے تائید کی۔ سینیٹر محسن عزیز کوسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹرسید شبلی فراز نے ان کا نام بطو ر چیئرمین قائمہ کمیٹی تجویز کیاجبکہ سینیٹر محمد قاسم نے اس کی تائید کی۔ سینیٹر محمد ہمایوں مہمند کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے چیئرمین کے طور پر منتخب کر لیا گیا۔ ان کا نام بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر محسن عزیز نے تجویز کیا جبکہ سینیٹر پرویز رشید نے تائید کی۔ سینیٹر محمد ہمایوں مہمند نے کہا کہ تمام اراکین کمیٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی یہ کوشش ہو گی کہ ایسے اقدامات اٹھائے جس سے بہتری لائی جا سکے۔ سینیٹر عون عباس سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت وپیداوارکے چیئر مین منتخب کر لئے گئے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کے لئے ان کا نام سینیٹر سیف اللہ سرور خان نیازی نے تجویز کیا جبکہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے ان کی تائید کی۔ سینیٹر عون عباس نے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر ایسی سفارشات مرتب کی جائیں گی جس سے صنعت و پیداوار کو فروغ ملے گا۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو قائمہ کمیٹی برائے اکنامک افیئرز کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ سینیٹر فلک ناز نے ان کا نام تجویز کیا اور سینیٹر کامل علی آغانے تائید کی۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ اوورسیز پاکستانیز کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔ سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور نے ان کانام تجویز کیا جبکہ سینیٹر راجہ ناصر عباس نے ان کے نام کی تائید کی۔ بھرپور اعتماد پر چیئرمین کمیٹی نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولوشن کے لئے سینیٹر عون عباس نے سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور کا نام تجویز کیا جبکہ سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے اسکی تائید کی۔سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولوشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور نے کہا کہ کمیٹی اس اہم شعبے سے متعلق امور کا بغور جائزہ لے گی اور تمام اراکین کمیٹی کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ سینیٹر عطاالرحمن ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ سینیٹر خلیل طاہر نے سینیٹر عطاالرحمن کا نام تجویز کیا اور سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے ان کے نام کی تائید کی۔ نومنتخب چیئرمین کمیٹی نے تمام اراکین کمیٹی کا اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اراکین کمیٹی کی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ سینیٹر کامل علی آغا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئرمین منتخب ہوئے۔قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز نے ان کا نام تجویز کیا جبکہ سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے اس کی تائید کی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کی بدولت دنیا کے ہر شعبے میں انقلاب برپا ہے۔ اس شعبے کی مزید بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے اور مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
ایوان بالا کی متعدد کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب کر لئے گئے



