بیجنگ (شِنہوا) ستمبر میں چین کے الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ اور انٹرنیٹ ڈیٹا سروسز کے شعبوں میں بجلی کی کھپت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں اور ڈیجیٹل صنعتوں کی مضبوط مانگ کا اظہار ہے۔
قومی توانائی انتظامیہ کے بدھ کے روز جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں چارجنگ اور بیٹری تبدیل کرنے کی خدمات میں بجلی کی کھپت 16.8 ارب کلوواٹ آور تک پہنچ گئی جس میں سالانہ بنیاد پر 57 فیصد اضافہ ہوا جبکہ انٹرنیٹ ڈیٹا سروسز میں بجلی کا استعمال 35.4 فیصد بڑھ کر 9.8 ارب کلوواٹ آور ہو گیا۔
ستمبر میں چین میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں (این ای ویز) کا نئی گاڑیوں کی فروخت میں ماہانہ حصہ ریکارڈ 61.6 فیصد رہا۔ یہ مسلسل تیسرا مہینہ تھا جب یہ شرح 60 فیصد سے زیادہ رہی، جبکہ سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں ان گاڑیوں کا مجموعی حصہ بڑھ کر 53.6 فیصد ہو گیا۔
ستمبر کے اختتام تک چین کی سمارٹ کمپیوٹنگ پاور سالانہ بنیادوں پر 146 فیصد اضافے کے ساتھ 2,592 ای فلوپس تک پہنچ گئی۔ ای فلوپس کمپیوٹنگ کی کارکردگی ماپنے کی ایک اکائی ہے جس کا ہر یونٹ فی سیکنڈ 1 کوئنٹیلین فلوٹنگ پوائنٹ آپریشنز کی نمائندگی کرتا ہے۔
ستمبر میں چین میں بجلی کی کل کھپت 899.7 ارب کلوواٹ آور رہی جس میں سالانہ بنیادوں پر 1.2 فیصد اضافہ ہوا۔
چین کے ای وی چارجنگ اور ڈیٹا سروسز کے شعبوں میں بجلی کی کھپت میں نمایاں اضافہ



