اقوام متحدہ (شِنہوا) ایک چینی مندوب نے کوسوو کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی بڑھانے والے یکطرفہ اقدامات بند کریں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے کوسوو کے معاملے پر بریفنگ کے دوران کہا کہ شمالی کوسوو میں صورتحال تاحال نازک ہے اور وہاں مسلسل تشدد اور بدامنی کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کوسوو کے حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ علاقائی امن و استحکام کو ترجیح دیں، کشیدگی اور تصادم بڑھانے والے یکطرفہ اقدامات روکیں اور سرب آبادی کے تحفظ اور قانونی حقوق و مفادات کی موثر حفاظت کریں۔
انہوں نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شمالی کوسوو میں بڑی تعداد میں سرب باشندے گرفتار اور حراست میں لئے گئے ہیں، ان کی ذاتی ملکیت کی عمارتوں کو زبردستی مسمار کیا گیا اور ان کے جائز حقوق اور مفادات کو پامال کیا گیا ہے۔
سن لی نے کہا کہ کوسوو کے معاملے پر چین کا موقف واضح اور مستحکم ہے۔ چین سلامتی کونسل کی قرارداد 1244 کے فریم ورک کے تحت حقیقی بات چیت کے ذریعہ کوسوو کے معاملے کا فریقین کے لئے قابل قبول حل تلاش کرنے کی حمایت کرتا ہے جبکہ سربیا کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔
سن لی نے بات چیت اور مذاکرات کو واحد حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین یورپی یونین کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ متعلقہ فریقین جلد از جلد اعلیٰ سطح کی بات چیت کا دوبارہ آغاز کرتے ہوئے اختلافات ختم کرنے کی کوشش اور اتفاق رائے پیدا کرنے سمیت مسائل کا جلد سیاسی حل ممکن بنائیں گے۔
چین کا کوسوو کے حکام سے یکطرفہ اشتعال انگیز اقدامات روکنے کا مطالبہ



