بیجنگ (شِنہوا) چین کا قومی مربوط کمپیوٹنگ پاور نیٹ ورک ابتدائی مراحل کے ہارڈ ویئر، درمیانی پلیٹ فارمز اور آخری مراحل کی ایپلی کیشنز کے وسیع تر دائرہ کار پر پھیلے ایک بتدریج مکمل ہوتے صنعتی سلسلے کی بدولت نئے صنعتی مواقع پیدا کر رہا ہے۔
چینی مرکزی حکام نے حال ہی میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے جدید معیاری پیداوری صلاحیتوں کی پیش رفت تیز کرنے کی غرض سے رہنمائی کے لئے ایک فریم ورک جاری کیا ہے۔
ان ہدایات میں ڈیجیٹل معیشت اور حقیقی معیشت کے گہرے انضمام کو فروغ دینے کے لئے متعدد اہم شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں قومی مربوط کمپیوٹنگ پاور نیٹ ورک اور ملک گیر بلاک چین نیٹ ورک کا قیام جیسے دیگر اقدامات بھی شامل ہیں۔
بیجنگ-تیانجن-ہیبے خطے میں کمپیوٹنگ پاور کی ہم آہنگ ترقی چین کی جانب سے قومی نیٹ ورک کی تعمیر میں ہمہ جہت پیش رفت کی ایک بہترین مثال ہے۔
اب تک بیجنگ سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع شمالی چین کے صوبے ہیبے کے شہر لانگ فانگ میں 36 ڈیٹا سنٹرز قائم کئے جا چکے ہیں۔
یہ ڈیٹا سنٹرز چین کی بڑی ٹیک کمپنیوں ہواوے اور جے ڈی ڈاٹ کام سمیت دیگر اداروں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ یہاں موجود کمپیوٹنگ وسائل بیجنگ کی سائنس و ٹیکنالوجی میں جدت لانے والی صنعتوں، انٹرنیٹ کے شعبے اور دیگر شعبوں کی سائنسی ضروریات کو فوری طور پر پورا کرتے ہیں۔
قومی مربوط کمپیوٹنگ پاور نیٹ ورک کی ہم آہنگ ترتیب اور تعمیر کی بنیاد پر ملک بھر کے خطے کمپیوٹنگ مراکز، ڈیٹا سنٹرز اور کمپیوٹنگ نیٹ ورک نوڈز کے قیام اور بہتری کے لئے اقدامات تیز کر رہے ہیں جبکہ کمپیوٹنگ و بجلی کے باہمی تعاون اور کمپیوٹنگ و نیٹ ورک کے انضمام کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
دیگر خطے بھی مخصوص مارکیٹوں میں پاؤں جمانے اور منفرد ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لئے اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
چین کا مربوط کمپیوٹنگ پاور نیٹ ورک نئے صنعتی مواقع پیدا کر رہا ہے



