ریاض،صنعا(نیشنل ٹائمز)یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائی کرنے والی سعودی اتحاد ی افواج نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ خمیس مشیط شہر کی جانب داغا گیا میزائل فضا میں روک کر تباہ کردیا گیا۔ واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب یمن میں شدید لڑائی کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 270 سے زائد حکومتی فوجی اور حوثی جنگجو مارے گئے ۔حکومتی ذرائع کے مطابق 115 فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ، جن میں حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں زخمی ہونے والے اہلکار بھی شامل ہیں۔ حوثی فوجی ذرائع نے 160 جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر افراد سعودی حملوں میں مارے گئے ۔ حوثیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کے اندر تین فوجی کارروائیاں کی ہیں، جن میں ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے ، رابغ میں آرامکو کی ایک آئل ریفائنری، ابھا بین الاقوامی ہوائی اڈے اور خمیس مشیط کے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔
حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔حملہ سعودی عرب کی سرحد سے متصل صوبہ حجہ کے ایک گاؤں پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں ماں، باپ اور 3 سے 8 سال کی عمر کے ان کے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے ۔یمن کے حوثیوں نے حکومتی فورسز کے بڑے پیمانے پر پیش قدمی کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بحیرہ احمر کے ساحل سمیت حالیہ قبضے میں لیے گئے تمام علاقوں پر بدستور قابض ہیں۔ حوثی فوجی ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ جنگجو تمام پیش قدمی کیے گئے علاقوں پر مکمل کنٹرول رکھتے ہیں۔حوثیوں نے الجوف، مارب اور تعز میں حکومتی فورسز پر درجنوں حملوں کا بھی دعویٰ کیا،۔ دوسری جانب یمنی حکومت نے باب المندب، دبّاب ایئرپورٹ اور بندرگاہی شہر مخا سے حوثیوں کو نکالنے کا دعویٰ کیا ہے ، تاہم مخا پر دوبارہ قبضے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ فریقین کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ۔ سعودی عرب میں یمن کی سرحد کے قریب جازان اور نجران ایئرپورٹس پر حملوں کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی اور املاک کو نقصان پہنچا۔ سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے منگل کو جاری بیان میں بتایا کہ حملے ایک روز قبل کیے گئے تھے ۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ متاثرہ مقامات پر نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منگل کو دھماکے کی آواز سنی گئی، شہریوں کے مطابق دھماکے کی گونج شہر کے شمالی علاقوں تک سنائی دی۔ایک روز قبل بھی ریاض میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔



