لاہور(نیشنل ٹائمز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں پہلی پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا آغاز کر دیا اور اس حوالے سے بلاسود لون حاصل کرنے والے 10 کاروباری افراد میں چیک تقسیم کر دیئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے تحت مزید لوگوں کو قرضے جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ مریم نوازشریف نے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پنک سالٹ ویلیوایڈیشن کیلئے بلاسود قرضے فراہم کئے گئے ہیں، 5 کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جا رہا ہے ۔ پنک سالٹ پاکستانی کی انفرادیت ہے ، نمک ہمارا، مزدوری ہماری اور فائدہ دوسرے ملک اٹھارہے ہیں، پنجاب سے کوڑیوں کے بھاؤ نمک خرید کر سونے کے مول بیچا جارہا تھا ، عالمی مارکیٹ میں خام مال نہیں بلکہ پاکستان کا برانڈڈ پنک سالٹ بیچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ٹھیکے دیکر قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا گیا،پانچ دریاؤں میں بہنے والے پلسر گولڈ سے پنجاب کے عوام کو فائدہ پہنچنا چاہیے ،وقت آگیا ہے دنیا جان لے کہ پنک سالٹ کس کا خزانہ ہے ، گزشتہ ادوار میں دوسرے ملکوں نے کوڑیوں کے بھاؤ نمک خرید کر لاکھوں ڈالر کمائے ۔ صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرل شیر علی گورچانی اور سیکرٹری معدنیات پرویز بٹ نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے تحت پانچ ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں، سکیم پر 1.456 ارب روپے کا انٹرسٹ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ 110ایکڑ پر قائم قائدآباد پنک سالٹ پراسیسنگ یونٹ خصوصی صنعتی کلسٹر کے طور پر قائم کیا گیا ہے جہاں 200 پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن یونٹ قائم ہوں گے ، 10ہزار سے زائد افراد کیلئے روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
دوسری طرف مسلم لیگ (ن)کے صدر نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مری ڈویلپمنٹ پلان پر چیئرپرسن سٹیرنگ کمیٹی مریم اورنگزیب نے بریفنگ دی ۔ اس موقع پر مری میں واٹر سپلائی کے پانچ بڑے پراجیکٹس پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پرمری کے لئے چار بڑی واٹر سپلائی سکیمیں مکمل کی گئیں ۔ اجلاس میں مری کیلئے دریائے جہلم سے واٹر سپلائی میگاپراجیکٹس کیلئے دسمبر 2028کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ دریائے جہلم سے مری تک بلک واٹر سپلائی پراجیکٹس پر7پمپنگ سٹیشن بنیں گے ، بی ڈبلیو ایس پی کے 29.6کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ بی ڈبلیو ایس پی کی تکمیل سے مری اور کوٹلی ستیاں میں سواچار لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی ۔ اس موقع پر راولپنڈی مری کشمیر (آر ایم کے ) روڈ کی تعمیر و توسیع پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے بھی31اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ مال روڈ مری کا پہلاسرسبز و شاداب ہل ویو پارک بنایا جائے گا،مری کے مال روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے بعد مری کا پہلا ایم فی تھیٹر بنے گا جہاں 600افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں اپنی طرز کے پہلے بانسرا گلی وائلڈ لائف پارک میں سیاحوں کے لئے پہلی دفعہ ایلی ویٹڈ(زمین سے بلند)برج قائم کیا جائے گا۔ایلی ویٹڈ برج،نیچر ٹریل،جنگل جرنی، اینیمل کنگڈم اور لائن انکلوژر سے گزرے گی ۔ اس موقع پر مال روڈ میں دکانوں،ہوٹل اور کیفے وغیرہ کے لئے خصوصی قواعد وضوابط وضع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے مال روڈ کی سب سے قدیمی عمارتوں جی پی او اور چرچ کو اصل حالت میں بحال اور برقرار رکھنے کی ہدایت کی جبکہ اجلاس میں جھیکا گلی،جی پی او، گورنمنٹ ہاؤس اور کشمیر پوائنٹ پر بجلی کے بے ہنگم تار ہٹانے اور انڈر گراؤنڈ وائرنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چین کے 77 ویں قومی دن پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں عروج کی راہ پر گامزن چین دنیا کیلئے ایک مثال ہے ، عالمی ترقی اور امن کیلئے عالمی سطح پر چین کا کردار قابل تحسین ہے ،پاکستان اور چین کے تعلقات افق کی بلندیوں کو چھورہے ہیں،چینی قوم کی محنت، استقامت اور ثابت قدمی کے جذبے کو سلام پیش کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بزرگ افراد کے عالمی دن پر بزرگوں کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی پیغام میں نوجوانوں کو اپنے بزرگوں کا احترام، ان کی عزت اور خدمت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کے لیے ایک سبق ہیں ،بزرگوں کوکبھی فراموش نہ کریں انہیں وہ عزت اورمقام دیں گے جس کا وہ حق رکھتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومت بزرگ شہریوں کیلئے اولڈ ہومز کو مزید بہتر بنا رہی ہے ،الیکٹرک بسوں میں انہیں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔



