لندن،واشنگٹن(نیشنل ٹائمز)برطانوی پولیس نے اتوار کو کہا ہے کہ جنوب مغربی انگلینڈ میں امریکی فضائیہ کے زیر استعمال فضائی اڈے کے قریب پانچ افراد کو دہشتگردی کی کارروائی کی تیاری کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا۔ گلاسٹرشائر پولیس کے مطابق انہیں ہفتے کو رات گئے اطلاع موصول ہوئی کہ تین مشتبہ گاڑیاں آر اے ایف فیئر فورڈ کی جانب جا رہی ہیں۔ اس اطلاع پر سکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔۔ پولیس نے بیان میں کہا کہ انسداد دہشتگردی پولیس واقعے کی تحقیقات کی قیادت کر رہی ہے ۔ حکام نے گرفتار افراد کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں اور نہ ہی فوری طور پر یہ بتایا کہ مبینہ کارروائی کی نوعیت کیا تھی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اتوار کے روز آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب گرفتار کیے گئے افراد بڑی تباہی پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم ان پر نظر رکھے ہوئے تھے ۔ وہ ہمارے اڈے کو شدید نقصان پہنچانا چاہتے تھے ، اور برطانوی حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ۔ ہم کافی عرصے سے ان کی نگرانی کر رہے تھے اور بالآخر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ٹرمپ کے مطابق،یہ ایک شاندار کارروائی تھی۔ برطانیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا غیر معمولی رہا اور متعلقہ اداروں نے بہترین کام کیا۔
برطانیہ:دہشتگردی کی تیاری کا شبہ ، امریکی فضائی اڈے کے قریب 5 گرفتار



