لاہور (نیشنل ٹائمز) محکمہ صحت پنجاب اور ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول نے الرجی اور نزلہ زکام کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا Citraclor (Cetirizine Dihydrochloride 10mg) کے مخصوص بیچز کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے میڈیکل الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق یہ کارروائی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب کی تجزیاتی رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی، جس میں دوا کے نمونوں میں عضویاتی ناپائیداری اور بعض آلائشوں کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔ حکام کے مطابق مذکورہ خامیاں انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں۔
میڈیکل الرٹ کے تحت Citraclor کے متاثرہ بیچز کی مارکیٹ میں فروخت فوری طور پر روکنے اور دستیاب اسٹاک واپس منگوانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق مذکورہ دوا میسرز آرسنز فارماسیوٹیکل انڈسٹریز، لاہور کی تیار کردہ ہے۔
غیر معیاری قرار دیے گئے بیچ نمبرز میں 38126، 37826، 37726، 38026 اور 37926 شامل ہیں۔ الرٹ کے مطابق ان تمام بیچز کی میعاد مارچ 2028 تک ہے۔
ڈرگز کنٹرول حکام نے میڈیکل اسٹورز، فارمیسیوں، اسپتالوں اور ہول سیلرز کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ بیچ نمبرز والی Citraclor کی خرید و فروخت فوری طور پر بند کردی جائے۔
متعلقہ اداروں کو متاثرہ دوا کا دستیاب اسٹاک الگ رکھنے اور اس کی مکمل تفصیلات مقررہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ غیر معیاری بیچز کی مارکیٹ سے واپسی یقینی بنائی جاسکے۔
محکمہ صحت نے شہریوں اور مریضوں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میڈیکل الرٹ میں درج بیچ نمبرز والی Citraclor کا استعمال فوری طور پر ترک کردیں۔
حکام کے مطابق غیر معیاری دوا کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے، اس لیے شہری دوا خریدتے یا استعمال کرتے وقت پیکنگ پر درج بیچ نمبر ضرور چیک کریں اور متاثرہ بیچز کی صورت میں دوا استعمال نہ کریں۔
مریض اگر اس دوا کا استعمال کسی ڈاکٹر کے مشورے سے کررہے ہیں تو متبادل دوا یا مزید علاج کے بارے میں اپنے معالج یا مستند فارماسسٹ سے رجوع کریں۔



