بیجنگ (شِنہوا) چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) نے بیرون ملک سرمایہ کاری سے متعلق انتظامی اقدامات کے نظرثانی شدہ مسودے پر عوامی رائے طلب کر لی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بیرون ملک سرمایہ کاری میں ترقی اور سلامتی کے درمیان بہتر توازن قائم کرنا ہے۔
نظرثانی شدہ مسودے میں بیرون ملک سرمایہ کاری کے حوالے سے 2017 میں جاری کئے گئے انتظامی اقدامات کو موجودہ حالات کے مطابق بنایا کیا گیا ہے، جو بیرون ملک سرمایہ کاری میں تیز رفتار اضافے اور بیرونی ماحول میں نمایاں تبدیلیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
نئے اقدامات میں مختلف سرمایہ کاروں کے بنیادی کردار کی مزید توثیق کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بڑے منفی واقعات، بیرون ملک دوبارہ سرمایہ کاری کے بڑے منصوبوں اور منصوبوں کی تکمیل کی صورتحال سے متعلق رپورٹنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد بیرون ملک سرمایہ کاری کے حقوق اور مفادات کا بہتر تحفظ اور سرمایہ کاروں کو بیرون ملک خطرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
این ڈی آر سی کے مطابق کمیشن عوامی آراء کی بنیاد پر مسودے میں مزید بہتری لائے گا اور معاون دستاویزات اور اکثر پوچھے جانے والے سوالات بھی مرتب کرے گا تاکہ ادارہ جاتی سطح پر بیرون ملک سرمایہ کاری میں ترقی اور سلامتی کے درمیان بہتر توازن یقینی بنایا جا سکے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران چین کی تمام شعبوں میں براہِ راست بیرون ملک سرمایہ کاری 596.42 ارب یوآن (تقریباً 86.53 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.8 فیصد زیادہ ہے۔
وزارت تجارت اور ریاستی انتظامیہ برائے زرمبادلہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین کے مقامی سرمایہ کاروں نے 144 ممالک اور خطوں میں 6 ہزار 867 بیرون ملک کمپنیوں میں غیر مالیاتی شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری کی جس کی مجموعی مالیت 453.06 ارب یوآن رہی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے 30 جولائی کو ہونے والے اجلاس کے مطابق چین کو باہمی مفاد پر مبنی بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی تعاون کے لئے مزید گنجائش پیدا کرنی چاہیے۔ اجلاس میں بیرون ملک سرمایہ کاری کے انتظام کو بہتر بنانے اور بیرون ملک جامع خدمات کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فعال طور پر راغب کرنے اور اس سے موثر استفادہ کرنے کی کوششیں جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔
چین نے بیرون ملک سرمایہ کاری سے متعلق انتظامی اقدامات کے نظر ثانی شدہ مسودے پر عوامی رائے طلب کر لی



