مکہ اتحاد میں شمولیت پر مختلف آپشنز زیر غور ہیں :شام

اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے دورہ اسلام آباد کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر تجارت جام کمال سے ملاقاتیں کیں،جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ، شامی وزیر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھی خیر مقدم کیااور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے مکہ معاہدے کے تحت ممکنہ تعاون یا شمولیت کے حوالے سے اپنے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے ۔پاکستان اور شام سفارتی تعلقات کو سفیروں کی سطح پر اپ گریڈ کریں گے ۔ شہباز شریف نے شامی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر احمد الشرع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سیاسی، دفاعی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور بڑی تعداد میں پاکستان سے شام آنے والے زائرین کو بھی سہولت ملے گی۔وزیراعظم نے شام کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرے گا۔وزیراعظم نے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔قبل ازیں شامی وزیر خارجہ نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، اس موقع پر وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ۔ مذاکرات کے دوران پاکستان اور شام نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔شامی وزیر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے امریکا اور ایران کے تناظر میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

دونوں جانب سے خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دریں اثنا شامی وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے بھی ملاقات کی ۔ جس دوران باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان شام کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔دونوں وزرا نے پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔جام کمال خان نے شامی وزیر خارجہ کو پاکستان کی اقتصادی اور برآمدی استعداد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، ادویات، چمڑے ، کھیلوں کے سامان، آئی ٹی اور زرعی مصنوعات میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔شامی وزیر خارجہ نے شام کی تعمیر نو اور ترقیاتی ترجیحات سے وزیر تجارت کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں رہائش، رئیل سٹیٹ، توانائی، ٹرانسپورٹ، بندرگاہوں، زراعت اور صنعت میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان ،شام مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام اور دمشق میں پاکستان،شام مشترکہ سرمایہ کاری فورم منعقد کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ شام کی وزارت معیشت کا وفد دوطرفہ تعاون کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔



  تازہ ترین   
سکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مشترکہ آپریشنز،49 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان کے مسائل ڈائیلاگ سے حل ہونے چاہئیں، وسائل پر پہلا حق عوام کا ہے: وزیراعظم
عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے کیخلاف دوبارہ نظرثانی درخواست دائر
عمران خان کا شفا ہسپتال میں تفصیلی معائنہ، صحت مند قرار، دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا: عطا تارڑ
اپوزیشن کا 27 ستمبر کا احتجاج اور لانگ مارچ برقرار رکھنے کا فیصلہ
پاکستان اور بلوچستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ایک رہے گا: فیلڈ مارشل
ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کیلئے سو مرتبہ جنگ کرنے کو تیار ہوں: ٹرمپ
حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر