راولپنڈی(نیشنل ٹائمز)شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے، جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری جانب ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الہٰی، جو ضلع میانوالی کے رہائشی تھے، جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آخری دہشت گرد کے خاتمے تک علاقے میں آپریشن جاری رہے گا۔



