بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین ایک ذمہ دار بڑی طاقت کا کردار ادا کرنا جاری رکھے گا، اپنی ترقی کو تمام ممالک کی مشترکہ ترقی سے مضبوطی سے جوڑے گا اور عالمی ترقی کے محرک اور معاون کے طور پر کام کرتا رہے گا۔
وانگ یی، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں، نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ میں گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کے 5 سال کے عنوان سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وانگ یی نے چین کے پانچ سال قبل پیش کئے گئے گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی ترقی کے مقصد کو نئی جلا بخشنے کے لئے ایک چینی حل اور کاوش تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے طریقہ کار میں مسلسل بہتری آئی ہے اور عملی نتائج کامیابی سے حاصل کئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ غیر یقینی اور پیچیدہ بین الاقوامی صورتحال میں جی ڈی آئی کی عصر حاضر میں اہمیت اور بھی نمایاں ہو گئی ہے، تمام فریقوں کو ترقی کا علم بلند رکھنا چاہیے اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ جی ڈی آئی کے ربط کو مضبوطی سے فروغ دینا چاہیے۔
وانگ یی نے اتحاد و تعاون کے فروغ اور پرامن ترقیاتی ماحول پیدا کرنے، عملی اقدامات کے لئے کوششوں کو یکجا کرنے اور اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر عملدرآمد تیز کرنے، کھلے پن اور باہم سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے اور جدید ترقی کے محرک کو مضبوط بنانے اور کثیر الجہتی کی پاسداری کرتے ہوئے عالمی گورننس کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں اقوام متحدہ کے سینئر حکام، چین میں جی ڈی آئی کے گروپ آف فرینڈز کے رکن ممالک کے سفارتی نمائندوں اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی نظام کے چین میں قائم دفاتر کے نمائندوں سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں موجود تمام فریقوں نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران جی ڈی آئی کے حاصل کردہ بارآور نتائج کو سراہا، بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے میں چین کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور چین کے ساتھ ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
چین عالمی ترقی کے محرک اور معاون کا کردار ادا کرتا رہے گا، چینی وزیر خارجہ



