پٹرول 6.39، ڈیزل 7.83 روپے لٹر مہنگا، پمپ مالکان کی ہڑتال موخر

 اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا۔پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ۔ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 375 روپے 4 پیسے فی لٹر ہو گئی ۔پٹرولیم ڈویژن کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا تعین اوگرا کی جانب سے کیا گیا ہے ، نئی قیمتیں صرف آج 23 جولائی کے لیے ہیں۔وفاقی حکومت نے مٹی کا تیل بھی مہنگا کردیا ۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 80پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے ۔ اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 297روپے 17پیسے فی لٹر مقرر کی گئی۔

علاوہ ازیں حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پٹرول پمپ اونر ایسوسی ایشن اور ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال مؤٖخر کرنے کا اعلان کردیا،حکومت نے مسائل کے حل کے لئے دو ہفتوں کی مہلت مانگ لی ہے ،وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہڑتا ل مؤٖخرکرنے پر آل پاکستان پٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر ڈیلرز ایسوسی ایشنز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے ،مزید کہا کہ 28 فروری سے جو خطے کی صورتحال ہے اس سے ہم سب پریشان ہیں، اب دوبارہ خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں جس کی وجہ سے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کا پہاڑ کھڑا ہوا ہے ، عالمی منڈیوں میں پٹرولیم قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عالمی معاہدوں کے باوجود ہم گنجائش کے مطابق نظام چلارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور اسحاق ڈار ایک بار پھر جنگ بندی کے لئے کوششیں کررہے ہیں اللہ اُن کی کاوشوں میں برکت ڈالے ، وزیراعظم عوام کی مشکلات سے آ گاہ ہیں اس لئے اب تک حکومت کئی سو ارب روپے کی سبسڈی دے چکی ہے ، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پٹرولیم ڈیلرز مارجن کا معاملہ مشاورت سے حل کریں گے ، مارجن کے حوالے سے سمری کابینہ کے پاس لے کر جائیں گے ،پٹرولیم ڈیلرز کو اوگرا کے ساتھ بٹھا کر بھرپور نشست کرائیں گے ،دو ہفتوں میں اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔علی پرویز ملک نے کہا ہم نہیں چاہتے کہ کوئی الزام لگائے کہ ہم ناجائز منافع خوری میں کردار ادا کر رہے ہیں، پٹرول کی قیمت عالمی سطح کے مطابق جیسے اوپر گئی تو پھر نیچے بھی آئی، جلد از جلد شفاف انداز میں اسی فارمولے کے تحت عوام کو فائدہ واپس منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب پٹرول پمپ مالکان نے حکومتی یقین دہانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں مارجن کا مسئلہ حل ہو جائے گا، اسی لیے ہڑتال فی الحال موخر کرنے کا اعلان کیا ہے، ندیم عزیز نے کہا کہ وزیر پٹرولیم نے ہمارے مطالبات سُنے اور انہیں حل کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی ، راجہ وسیم نے کہا کہ ہم بہت پریشانی کے بعد سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے ، امید ہے دو ہفتوں میں حکومت ہمارے مسائل حل کرے گی، ادھرپاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ ہڑتال کی کال کسی دباؤ کے تحت واپس نہیں لی گئی بلکہ حکومت کی سنجیدہ یقین دہانی اور مثبت پیشرفت کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر مقررہ مدت کے اندر وعدوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو آئندہ کا لائحہ عمل ایسوسی ایشن کے مشاورتی اجلاس میں طے کیا جائے گا۔

معاملات سے باخبر ایک سرکاری افسر نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں اضافے کا امکان ہے ۔ یہ معاملہ فوری طور پر دوبارہ وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائے گا۔ اس وقت پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز کا مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لٹر ہے ۔ روزانہ قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بدستور جاری رہے گا تاہم متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد دو ہفتے میں اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری طرف چیئرمین پٹرول پمپس ایسو سی ایشن ہمایوں خان نے کہا ہے ہمارا شٹرڈاون جاری ہے ، حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل طو ر پر نام ہو چکے ہیں،ہم اپنے شٹرڈاون پر قائم ہیں، ہڑتال موخر والی بات کو نہیں مانتے ، حکومت کسی کو بھی اپنے ساتھ کھڑا کرسکتی، یہ وہ لوگ ہیں ان کے پاس کوئی عہدہ نہیں ،ان لوگوں نے پریس کانفرنس کی کیا ہم ان میں موجود تھے ، آج ہماری ہڑتال پورے پاکستان میں ہو گی۔



  تازہ ترین   
دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچے جہاں بھی موجود ہوں انہیں ختم کیا جائے گا: فیلڈ مارشل
مضبوط دفاع کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر ینگے : شہباز شریف
وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، بحیرۂ احمر میں حوثی حملوں کی مذمت
پاکستان سمندری اثاثوں کے دفاع کے لیے طاقت کے استعمال کا حق محفوظ رکھتا ہے: دفتر خارجہ
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشیں، 43 افراد جاں بحق، 177 زخمی، کئی گھر منہدم
مستونگ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیشن جج عبد الحکیم کاکڑ جاں بحق
صدر آصف زرداری کی مون سون میں تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
امریکا کی ایک بار پھر ایران پر بمباری، اسفالٹ پلانٹ اور بجلی کے سب سٹیشن نشانہ بنے





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر