پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان سے ملاقات، صحافیوں کے مسائل اور فلاحی سہولیات پر تبادلۂ خیال

پشاور (نیشنل ٹائمز) پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کے ایک وفد نے پیر کو پشاور میں وزیر اطلاعات حکومتِ خیبر پختونخوا شفیع جان سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو درپیش مسائل، فلاحی سہولیات اور پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت تنظیم کے صدر قمر یوسفزئی نے کی، جبکہ نائب صدور سردار یوسفزئی اور زاہد خان، سابق سیکرٹری رحمت محسود اور کوآرڈینیٹر ثاقب سعید بھی وفد میں شامل تھے۔

ملاقات کے آغاز میں رحمت محسود نے وفد کا تعارف کرایا، جبکہ سردار یوسفزئی نے تنظیم کی جانب سے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کو درپیش مسائل اور ان کی فلاح و بہبود سے متعلق مطالبات پیش کیے۔ زاہد خان اور ثاقب سعید نے بھی مختلف امور پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ صدر قمر یوسفزئی نے تنظیم کا مؤقف اور مطالبات جامع انداز میں وزیر اطلاعات کے سامنے رکھے۔

وفد نے وزیر اطلاعات کو بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافی کئی دہائیوں سے قومی اور بین الاقوامی میڈیا میں صوبے کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں، سیاحت، ثقافت، سرمایہ کاری کے مواقع، امن و امان اور حکومتی اصلاحات کو مؤثر انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔ وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گردی، قدرتی آفات اور دیگر مشکل حالات میں بھی ان صحافیوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں جرات اور دیانت داری کے ساتھ انجام دیں۔

وفد نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں خدمات انجام دینے والے خیبر پختونخوا کے صحافی نہ وفاقی حکومت اور نہ ہی پنجاب حکومت کی صحافی فلاحی اسکیموں سے استفادہ کر سکتے ہیں، اس لیے انہیں حکومتِ خیبر پختونخوا کی تمام فلاحی پالیسیوں اور سہولیات میں بھی مساوی بنیادوں پر شامل کیا جانا چاہیے۔

اس موقع پر وفد نے مطالبہ کیا کہ پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کو محکمہ اطلاعات اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے ساتھ مستقل رابطہ کاری کے لیے باضابطہ نمائندہ فورم کا درجہ دیا جائے، پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں تنظیم کے لیے رابطہ دفتر قائم کیا جائے، سرکاری، ادبی، ثقافتی اور صحافتی تقریبات میں تنظیم کے نمائندوں کو باقاعدگی سے مدعو کیا جائے، جبکہ رہائشی منصوبوں، ویلفیئر فنڈ، ہیلتھ انشورنس، مالی امداد، بلاسود قرضوں، تربیتی پروگراموں اور دیگر فلاحی سہولیات میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے۔ وفد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ محکمہ اطلاعات کی میڈیا بریفنگز، مطالعاتی دوروں، ترقیاتی و سیاحتی منصوبوں اور دیگر سرکاری سرگرمیوں میں تنظیم کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے اور اسلام آباد و راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کا باقاعدہ ڈیٹا مرتب کرکے انہیں محکمہ اطلاعات کی فلاحی اور پیشہ ورانہ پالیسیوں کا مستقل حصہ بنایا جائے۔

وفد نے وزیر اطلاعات شفیع جان کی جانب سے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات، خصوصاً ویلفیئر فنڈ، ہیلتھ انشورنس، رہائشی منصوبوں، مالی معاونت اور تربیتی پروگراموں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کے ان جائز مطالبات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے عملی اقدامات کریں گے۔

وزیر اطلاعات شفیع جان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کی خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور مطالبات کا مثبت جائزہ لیا جائے گا تاکہ صحافی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا جا سکے۔



  تازہ ترین   
ڈی جی آئی ایس پی آر کی سعودی عرب میں پاکستانی فوجی دستوں کی موجودگی کی تصدیق
مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، ریاست کو یرغمال بنا کر کوئی مطالبہ نہیں منوایا جا سکتا: رانا ثناء
وزیراعظم شہباز شریف کی ایم ایل ون منصوبہ تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت
فیلڈ مارشل سے انتونیو گوتریس کی ملاقات: سکیورٹی، کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر تبادلہ خیال
بیلاروسی وفد کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات
گورنر راج آخری آپشن، کوشش کر رہے ہیں اس طرف نہ جائیں: خواجہ آصف
جنگ ختم کرنے کیلئے تیار، ایران کو یورینیم افزدگی کم کرنا ہوگی: امریکا کا دوٹوک مؤقف
پٹرول مہنگا، ڈیزل سستا، نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر