مسقط(نیشنل ٹائمز)عمان نے آبنائے ہرمز میں بلا معاوضہ آمدورفت برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کہا ہے کہ انہوں نے ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں آبنائے ہرمز سے بلا معاوضہ اور محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بدر البوسعیدی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق شق پر تعمیری گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور آبنائے ہرمز سے بلا معاوضہ، محفوظ آمدورفت کے عزم کی توثیق کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے عمان کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان اطلاعات پر سخت ردعمل ظاہر کیا تھا کہ عمان اور ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر فیس عائد کرنے پر غور کر سکتے ہیں، ٹرمپ نے اس تجویز کی صورت میں عمان کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی دی تھی۔



