اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) ملک کے بڑے ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے تقریباً 10 سے 12 گھنٹے تک جاری رہنے والی شکایات کے بعد سروس میں تعطل کی تصدیق کر دی ہے۔
کمپنی کے مطابق بعض صارفین کو وقفے وقفے سے سروسز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ٹیمیں مسئلے کے حل اور بحالی کے لیے سرگرم ہیں۔
ایزی پیسہ نے اپنے بیان میں کہا کہ “کچھ صارفین سروس میں تعطل سے متاثر ہوئے ہیں، ہماری ٹیمیں مسئلے کے حل کے لیے کام کر رہی ہیں۔”
ملک بھر سے صارفین نے لاگ اِن، فنڈ ٹرانسفر، بل ادائیگی اور دیگر ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں رکاوٹ کی شکایات کیں، جبکہ متعدد صارفین نے بروقت وضاحت نہ آنے پر سوالات بھی اٹھائے۔
ایزی پیسہ کے مطابق پلیٹ فارم کے تقریباً 5 کروڑ 90 لاکھ اکاؤنٹس متاثر ہونے کے خدشات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث صارفین کی بڑی تعداد متاثر ہوئی۔
کمپنی پاکستان کے بڑے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں شمار ہوتی ہے، اور سروس کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔



