واشنگٹن(نیشنل ٹائمز)عرب میڈیا کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، تاہم ایران کے منجمد فنڈز کا معاملہ اب بھی حل طلب ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کو منجمد اثاثے جاری کرنے کے طریقۂ کار پر فریقین کے درمیان بات چیت جاری ہے اور یہی مسئلہ معاہدے کی تکمیل میں آخری بڑی رکاوٹ سمجھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ معاہدے پر دستخط سے قبل ایران کو فنڈز جاری کرنے کے حق میں نہیں ہیں، اس حوالے سے ثالثی کردار ادا کرنے والے ممالک اور فریقین کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے منجمد اثاثوں کے لیے ایک خصوصی فنڈ قائم کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، جس کے ذریعے مالی معاملات کو طے کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کسی ایسے معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے جس کے تحت امریکا براہِ راست ایران کو فنڈز فراہم کرے۔



