لاہور(نیشنل ٹائمز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں متوقع طوفانی بارشوں کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بارش کے پانی کی فوری نکاسی، واسا آپریشنز کی مؤثر نگرانی، برساتی نالوں اور ڈرینوں کی مسلسل مانیٹرنگ اور شہری و دیہی علاقوں میں مین ہولز کے ڈھکن یقینی بنانے کا حکم دیا ہے جبکہ پنجاب میں ستھرا پنجاب ٹیم نے عید الاضحی پر صفائی آپریشن کا گزشتہ سال بننے والا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا جس پر مریم نواز نے ورکرزکو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں متوقع طوفانی بارشوں کے دوران محکمہ آبپاشی کو نہروں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی، ضلعی انتظامیہ کو خستہ حال عمارتوں اور چھتیں گرنے کے خطرات سے متعلق الرٹس جاری کرنے جبکہ سیف سٹی، ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کو عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی اورکہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنائے جائیں ۔انہوں نے بارشوں کے دوران کنسٹرکشن سائٹ پرناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کیلئے ضروری حفاظتی انتظامات اور خستہ حال اور تعمیراتی طور پر حساس عمارتوں کی خصوصی نگرانی کا بھی حکم دیا۔ دوسری جانب پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ‘‘ستھرا پنجاب’’ پروگرام کے تحت صفائی کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔
چاند رات اور عید کے تینوں دنوں میں 3 لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا، جو گزشتہ سال کے 3 لاکھ 57 ہزار ٹن کے ریکارڈ سے زیادہ ہے ۔ صوبہ بھر میں گھر گھر سے آلائشیں جمع کرکے مقررہ ڈمپنگ سائٹس پر محفوظ طریقے سے تلف کی گئیں جبکہ صفائی کی مسلسل نگرانی کے لیے کنٹرول رومز، سیف سٹی اور ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا گیا۔گرینڈ صفائی آپریشن میں ایک لاکھ 84 ہزار ورکرز اور 60 ہزار گاڑیوں نے حصہ لیا، 60 لاکھ کلومیٹر سے زائد علاقہ کور کیا گیا اور 60 ہزار مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں کی صفائی کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صفائی آپریشن کی کامیابی پر تمام متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ، پولیس، واسا، سیف سٹی اور ‘‘ستھرا پنجاب’’ ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مثالی ٹیم ورک، محنت اور عوامی خدمت کے جذبے کا نتیجہ ہے ۔



