بیجنگ (شِنہوا) چین کے اعلیٰ سفارتکار وانگ یی نے کہا ہے کہ چین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے فعال اقدامات کرے گا، عالمی ترقی کو فروغ دینے کے لئے اپنی شراکت جاری رکھے گا اور عملی اقدامات کے ذریعے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر عالمی ترقی کے لئے ایک نیا منظرنامہ تشکیل دینے کی کوشش کرے گا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی کمیشن برائے امور خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی نے یہ بات بیجنگ میں “مشترکہ ترقی کے لئے عالمی اقدامات کے فورم” کی اعلیٰ سطح کی تیسری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) کی پانچویں سالگرہ ہے اور یہ اقدام ایک چینی تجویز سے ترقی کر کے بین الاقوامی اتفاق رائے میں تبدیل ہو چکا ہے جس کے عملی نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔
وانگ یی نے کہا کہ چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر جی ڈی آئی کے نفاذ کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے، وسیع ترقیاتی وسائل کو یکجا کرنے، ترقی کی مضبوط بنیاد قائم کرنے، پرامن ترقی کے راستے پر قائم رہنے، ترقی کے لئے کھلا ماحول پیدا کرنے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے ہدف کی طرف پیشرفت جاری رکھنے کے لئے تیار ہے۔
چائنہ انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کی میزبانی میں ہونے والی اس کانفرنس میں 140 سے زائد ممالک، بین الاقوامی تنظیموں اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے شرکت کی ہے۔
چین کا عالمی ترقی کے فروغ کے لئے اپنی شراکت جاری رکھنے کا اعلان



