اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) ایران، امریکا جنگ رکوانے میں سفارت کاری کے مشن کے تحت اسلام آباد میں 29 اور 30 مارچ کو 4 فریقی اجلاس ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان سمیت ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔اجلاس خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں کرنا ہے، مذاکرات کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور جنگ کے خدشات کو کم کرنا۔بعدازاں دفتر خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ مشاورت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی 29 سے 30 مارچ اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔وزارت خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ کے درمیان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا، معزز مہمان وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے۔علاوہ ازیں مصری وزیر خارجہ اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ اسحاق ڈار نے ایکس پر لکھا ہے کہ اسلام آباد میں اپنے برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا استقبال کرنے کا منتظر ہوں۔
پاکستان، سعودیہ، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کل اسلام آباد میں ملاقات کریں گے



