اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ و نائب صدر کایا کالس اور ملائشیاکے وزیر خارجہ محمد حسن سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔
جس میں حالیہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ و نائب صدر کایا کالس نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بات چیت کی اور بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن اور استحکام کے قیام کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر قریبی رابطہ برقرار رکھا جا ئے گا تاکہ بدلتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ مشاورت جاری رکھی جا سکے ، محمد اسحاق ڈار اور ملائشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور جاری چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
امن ، استحکام کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری ناگزیر:اسحاق ڈار



