اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے پیش نظر ملک میں معاشی استحکام قائم کرنے کیلئے بر وقت بنائی گئی کمیٹی کے فیصلوں کی بدولت عوام کیلئے تیل کی مسلسل فراہمی ممکن ہوئی۔حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت اس وقت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی سطح پر کشیدگی کے پیش نظر ملکی معیشت کے استحکام اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ عالمی صورتحال کے پیش نظر عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے مزید اقدامات پر بھی مشاورت جاری ہے ۔قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کے لیے اقدامات کا نفاذ ہو چکا ہے اور مزید پر کام جاری ہے ،وزیراعظم کی کفایت شعاری اور بچت کے تمام نافذ العمل اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے ۔معاشی استحکام اور عوام کے لیے ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام اقدامات نہ صرف فوری ریلیف بلکہ طویل مدتی معاشی استحکام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں،حکومت پاکستان عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے ۔وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کار کمپنیوں کو حکومت کے تعین کردہ نرخوں پر تیل کی فروخت یقینی بنانے اور اس معاملے میں شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں موجود تیل کے ذخائر، فیول کی مانگ پوری کرنے لے لیے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات اور عوام کو عالمی کشیدگی کے پیش نظر ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پاکستان تیل کی متعین قیمت پر فروخت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے ،تیل کی مسلسل فراہمی اور اس کی متعین قیمت پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے پاک ایپ میں صارفین کے لیے فیچر شامل کر دیا گیا ہے ،اب صارفین پاک ایپ Pak App کے ذریعے ملک میں کہیں بھی تیل کی عدم دستیابی یا مہنگے داموں پر فروخت کے حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کر سکتے ہیں جس پر حکومت کی جانب سے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس کے شرکا نے گزشتہ جمعہ کو وزیراعظم کے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو سراہا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے ۔دریں اثنا شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ امور برائے آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی جس میں خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوامی فلاح کے منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود، عوام کو ریلیف کیلئے مزید اقدامات پر مشاورت : شہباز شریف



